پاکستان نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ماسٹرز ورلڈ چمپئن شپ میں 4 تمغے اپنے نام کرلیے

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ماسٹرز ورلڈ چمپئن شپ

لزبن (این این آئی) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) ماسٹرز ورلڈ چمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار تمغے اپنے نام کرلیے۔ پرتگال کے شہر لزبن میں جاری چمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی کامیابیوں میں سب سے نمایاں اعزاز ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے حاصل کیا جو مکسڈ ڈبلز میں مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنے۔ اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ مل کر ٹاپ سیڈ پرتگالی جوڑی کو سخت مقابلے کے بعد فائنل میں شکست دی اور اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ یہ کامیابی تجربہ کار پاکستانی ٹینس کھلاڑی کے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ پاکستان کے لیے دوسرا بڑا اعزاز مینز 45 پلس ڈبلز میں اعصام الحق اور عقیل خان نے حاصل کیا جہاں دونوں نے سلور میڈل جیتا۔ قومی ٹیم نے مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چمپئن شپ میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ علاوہ ازیں عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے میڈلز کی تعداد چار تک پہنچا دی۔