کوئٹہ (ویب ڈیسک) سانحہ زیارت کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی کیساتھ حکومتی مذاکراتی وفد کے طویل مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے جس کے بعد حکومتی وفد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کیلئے وزیراعلیٰ ہاﺅس روانہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات اہم مراحل میں داخل ہونے کے بعد خوشگوار ماحول میں مکمل ہوئے، جن میں دھرنا کمیٹی کے پیش کردہ مطالبات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکومتی وفد نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت متعدد اہم مطالبات پر کافی حد تک اتفاق رائے ہوگیا ہے جبکہ دیگر مطالبات سے متعلق بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ وفد وزیراعلیٰ بلوچستان کو تمام نکات اور مطالبات سے آگاہ کرنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔ دھرنا کمیٹی کی جانب سے مذاکرات میں عبدالرحیم زیارتوال، اصغر خان اچکزئی، آغا حسن بلوچ، مولانا قادر لونی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے اور انہوں نے سانحہ زیارت کے متاثرین کے مطالبات حکومتی وفد کے سامنے پیش کیے۔ذرائع کے مطابق مطالبات کی حتمی منظوری اور عملدرآمد سے متعلق فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
سانحہ زیارت کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی کیساتھ حکومتی وفد کے مذاکرا ت میں پیشرفت، حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد کیا جائیگا
