سیکورٹی فورسز کے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 19 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر

کوئٹہ (ویب ڈیسک) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ اور کلیئرنس آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار شہید ہوگئے، آپریشنز کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج اور فتنتہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ سیکورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے 21 ستمبر 2026 سے شعبان میں کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنا کر کلیئر کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جبکہ علاقے سے دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ دوسری جانب 22 اور 23 ستمبر 2026 کو ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر الگ الگ کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ نائب صوبیدار محمد جمیل نے جام شہادت نوش کیا، شہید نائب صوبیدار محمد جمیل کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف سے تھا۔