ریٹیلر ایپ کا اجرا، چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم آسان بنا دی، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ

اسلام آباد (یو این اے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹیلر ایپ کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نفاذ سے معیشت میں شفافیت آئے گی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ سکیم کو بہتر بنانے کے لیے مشاورتی عمل کو موثر بنایا جا رہا ہے، مختلف طبقات اور شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے، کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چلایا جاسکتا، 25 سے 26 کروڑ آبادی کے ملک کو آسان اور بہتر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ عوام کے لیے نظام کو آسان اور موثر بنانا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، چھوٹے دکاندار چاہیں تو اس سکیم کے بجائے معمول کے ٹیکس نظام میں رہ سکتے ہیں۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ دکانداروں کے لیے نئی اسکیم میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور چھوٹے دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح تفریق رکھی گئی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس نظام میں ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلا جائے اور کسی طبقے کو یہ شکایت نہ ہو کہ اس پر دوسرے طبقات کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی اسکیم میں شامل ہوکر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، جو لوگ اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے، حکومت کا مقصد ہر کاروباری طبقے کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا اور ٹیکس نظام میں ہر طبقے کی شمولیت یقینی بنانا ہے، نئی اسکیم کی کامیابی کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا تعاون بھی ضروری ہے۔