ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) سریاب اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں ، خواتین ، بچوں نے سردی کے باعث گیس پریشر میں کمی ، بندش اور بھاری بل بھیجنے کے خلاف بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے ٹائر جلاکر سریاب روڈ کو بلاک کرکے احتجاج کیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ علاقے میں سردی شروع ہوتے ہی گیس پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہے جس کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری ، بچوں اور بزرگوں کو سردی سے بچنے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گیس کی فراہمی بند ہونے کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے شہریوں کو ہزاروں روپے کے بھاری بل بھیجے جارہے ہیں جو شہری ادا کرنے سے قاصر ہیں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باوجود لوگ بل ادا کررہے ہیں۔ لیکن کمپنی سمیت حکومت اور متعلقہ حکام شہریوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلانے میں ناکام ہے کئی گھنٹوں تک روڈ بلاک رہنے کے بعد انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج پر امن طور پر ختم کرتے ہوئے منتشر ہوگئے اور روڈ کو ٹریفک کی آمدو رفت کے لئے کھول دیا۔
