راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر سیریز نام کرلی

راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان کی جانب سے اذان اویس 32 اور عامر جمال 34 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے جبکہ طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ چوتھے دن کا آغاز مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے کیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد عباس نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ رضا اللہ نے 2 وکٹ حاصل کی، ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر کیا۔ کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستانی فاسٹ بولروں کی تباہ کن بولنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف98 رنز پر آﺅٹ ہوگئی تھی۔ محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی بیٹنگ کو تنکوں کی طرح بکھیر دیا تھا جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 325 رنز کے ساتھ آﺅٹ ہوکر 227 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، غازی غوری 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ ٹیل اینڈر بیٹر رضا اللہ نے 42 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے محمد عباس کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔