ماخذ: یو این اے
کوئٹہ(یو این اے) تھائی لینڈ میں عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے والی کوئٹہ کی باکسر عابدہ بتول نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی خاتون باکسر ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جنہوں نے ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن(ڈبلیو آئی بی اے)کا عالمی ٹائٹل جیتا۔ معاشرتی مشکلات، اسپانسرشپ کی کمی اور گھر سے نکل کر کھیل کے میدان تک پہنچنے کا سفر آسان نہیں تھا، تاہم انہوں نے تمام مشکلات کے باوجود اپنی فائٹ جیتنے پر توجہ مرکوز رکھی۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عابدہ بتول نے بتایا کہ انہوں نے 31 اکتوبر کو تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں ڈبلیو آئی بی اے کے عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل کے مقابلے میں تھائی باکسر وانڈی سینونگ کھروٹ کو شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ اس عالمی ٹائٹل مقابلے میں حصہ لینے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بھی ہیں۔عابدہ بتول کا کہنا تھا کہ ابتدا میں ان کے اہل خانہ انہیں باکسنگ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دے رہے تھے اور والدین کو اس کھیل کے لیے قائل کرنا بھی ایک مشکل مرحلہ تھا۔ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کے باکسنگ جیسے کھیلوں میں حصہ لینے کو زیادہ قبول نہیں کیا جاتا اور اسے صرف مردوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے، تاہم انہوں نے اپنی کامیابی سے اس سوچ کو غلط ثابت کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ صرف لڑکے ہی باکسنگ میں آگے بڑھ سکتے ہیں، لڑکیاں بھی محنت، عزم اور مواقع ملنے پر عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرسکتی ہیں۔عابدہ بتول نے عالمی ٹائٹل جیتنے پر اپنے اہل خانہ، اسپانسرز، کوچ اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں حکومتی سرپرستی اور تعاون حاصل ہو تو وہ مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکتی ہیں۔ان کی یہ کامیابی پاکستان میں خواتین کی پیشہ ورانہ باکسنگ کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے اور ان لڑکیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے جو محدود وسائل اور سماجی مشکلات کے باوجود کھیلوں میں اپنا مقام بنانا چاہتی ہے۔
