حوثی ملیشیا کے حملے بند کیے جائیں، علاقائی سلامتی کیلئے سعودی عرب کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان

دفتر خارجہ

ماخذ: آئی این پی

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کو حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے دفاع کے حق کی حمایت کر تے ہیں، حوثی ملیشیا کے حملے بند کیے جائیں۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور کو نشانہ بنانا سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانا بے گناہ انسانی جانوں کے لئے خطرہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایسے قابل مذمت حملے علاقائی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں، پاکستان حوثی ملیشیا کے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، پاکستان سعودی عرب کے خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کےلئے مملکت کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔