ماخذ: آئی این پی
کوئٹہ (آئی این پی) حکومت بلوچستان نے عوامی سہولت اور امیدواروں کو سفری مشکلات سے بچانے کے لیے وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے مرحلہ دوم (Phase-II) کے امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے کے مختلف علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ژوب، رکھنی، لورالائی، سبی، پشین اور کوئٹہ میں مختلف مراکز پر امیدوار امتحانات میں حصہ لے سکیں گے، جبکہ کوئٹہ میں دو الگ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ بھرتیوں کے امتحانات کی حتمی تاریخ، مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق ژوب، شیرانی اور قلعہ سیف اللہ کے امیدواروں کے لیے ژوب مرکز مختص کیا گیا ہے، جبکہ بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے بالائی علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار رکھنی مرکز میں امتحانات دیں گے۔اسی طرح موسیٰ خیل، دکی، ہرنائی اور زیارت کے امیدواروں کے لیے لورالائی مرکز مقرر کیا گیا ہے، جبکہ نصیر آباد، جعفر آباد، اُستہ محمد اور ڈیرہ بگٹی کے امیدوار سبی مرکز میں امتحانات میں شرکت کریں گے۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ قلعہ عبداللہ، چمن اور برشور کے امیدواروں کے لیے پشین مرکز قائم کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ کے امیدوار BUITEMS کوئٹہ میں امتحانات دیں گے۔ مستونگ، قلات، سوراب اور نوشکی کے امیدواروں کے لیے کوئٹہ مرکز نمبر 2 کے تحت میاں غنڈی میں امتحانی مرکز مختص کیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان کے اس اقدام کا مقصد امیدواروں کو دور دراز علاقوں سے سفر کرنے کی مشکلات اور اضافی اخراجات سے بچانا اور بھرتیوں کے امتحانات میں شرکت کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔اعلامیے کے مطابق امتحانات کی حتمی تاریخ، مقام اور وقت سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، جبکہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو QESCO) کی بھرتیوں کے امتحانات متعلقہ اضلاع کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔
