ڈیرے دار
سہیل بشیر منج
وطن عزیز کی معاشی زبوں حالی عوامی محرومیوں اور صحت کے شعبے کی تباہ حالی دراصل کوئی اچانک ٹوٹ پڑنے والی آفت نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط ناقص پالیسیوں اور ترجیحات کے سنگین تضاد کا شاخسانہ ہے جو اب ایک ایسے ہمہ گیر بحران میں ڈھل چکا ہے جہاں ہر مسئلہ دوسرے مسئلے کی کوکھ سے جنم لے رہا ہے اور یہ تینوں بحران مل کر عام آدمی کی زندگی کو ایک بند گلی میں دھکیل چکے ہیں جب ریاست بالواسطہ ٹیکسوں اور پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی کا بوجھ براہ راست عام شہری کی کمزور کمر پر لادتی ہے تو اس کی قوت خرید جواب دے جاتی ہے اور دو وقت کی روٹی کے لالے پڑنے پر غریب اور متوسط طبقہ مجبورا غیر معیاری اور سستی خوراک کا سہارا لیتا ہے جس کا براہ راست نتیجہ ذیابیطس کے عالمی ریکارڈ اور امراض قلب جیسی جان لیوا بیماریوں کے پھیلاؤ کی صورت میں نکلتا ہے عالمی مالیاتی اداروں کی رپورٹس اس تلخ حقیقت کی گواہ ہیں کہ محدود ٹیکس نیٹ اور توانائی کے گردشی قرضوں کے عفریت نے ہماری معیشت کو برسوں سے جکڑ رکھا ہے جبکہ قومی آمدنی کا انتہائی قلیل حصہ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی انسانی شعبوں پر خرچ کرنے کی روایت نے ہماری نسلوں کو کمزور کر دیا ہے اس المیے کا سب سے تکلیف دہ پہلو ہماری ریاستی ترجیحات کا وہ کھلا تضاد ہے جہاں ایک طرف سرکاری ہسپتالوں میں مریض بنیادی ادویات اور صاف پانی کو ترس رہے ہیں تو دوسری جانب غیر ترقیاتی اخراجات اور سرکاری سطح پر کروڑوں اربوں روپے ماہانہ کی پرتعیش تقرریوں کی بازگشت سنائی دیتی ہے جب معیشت کی نبض ڈوبتی ہے تو عوام کا چولہا بجھتا ہے اور جب پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے ناقص غذا استعمال ہوتی ہے تو صحت کا نظام زمین بوس ہو جاتا ہے یوں غربت اور بیماری کا یہ شیطانی چکر نسل در نسل منتقل ہو کر پورے معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے
تاریخ گواہ ہے کہ جب کوئی قوم زوال کی تاریکیوں میں ڈوبتی ہے تو اس کا مقدر صرف مایوسی نہیں رہتا بلکہ وہ بلند عزم اور درست فیصلوں سے اپنی تقدیر بدلنے کا ہنر بھی جانتی ہے کیونکہ دنیا میں ایسے کئی ممالک گزرے ہیں جو کبھی پاکستان ہی کی طرح شدید معاشی بحران سیاسی بے چینی اور صحت کے بدترین اشاریوں کا شکار تھے مگر انہوں نے اپنے قومی رویوں اور پالیسیوں میں بنیادی تبدیلیاں لا کر اس دلدل سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر لی تھائی لینڈ اور روانڈا کی روشن مثالیں ہمارے سامنے ہیں جنہوں نے 2001 کے یونیورسل ہیلتھ کوریج ماڈل کو اپناتے ہوئے شدید معاشی تنگی کے باوجود صحت اور بنیادی انسانی ترقی کو اپنی قومی سلامتی کا لازمی حصہ بنایا اور یہ ثابت کر دیا کہ ترجیحات درست ہوں تو وسائل کی کمی بھی رکاوٹ نہیں بنتی ان کامیاب ریاستوں نے اپنے سفر کا آغاز اس بنیادی اصول سے کیا کہ سب سے پہلے حکمران طبقے اور اشرافیہ نے اپنے شاہانہ اخراجات میں کٹوتی کی تاکہ عام عوام کو ریاست پر اعتماد ہو اور وہ خوشی سے ٹیکس دینے پر آمادہ ہو اگر بنگلہ دیش کے وزیراعظم اپنے اخراجات میں کمی لا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں ان قوموں نے ایسے ہی پیسے بچا کر علاج گاہیں بنانے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کو فروغ دیا بنیادی مراکزِ صحت کو مضبوط کیا اور خوراک کے معیار کو بہتر بنا کر قوم کو بیماریوں کے منہ سے نکالا اس کے ساتھ ساتھ ویتنام اور بنگلا دیش کی معاشی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ انہوں نے غیر ملکی قرضوں پر اندھا دھند انحصار کرنے کے بجائے اپنی برآمدات کو بڑھایا، انسانی وسائل کی سچی تربیت کی اور پالیسیوں کے تسلسل کو ہر صورت یقینی بنایا جب ان قوموں نے اپنی ترجیحات کو بدلا تو اس کے ثمر میں نہ صرف ان کی معیشتیں فولادی چٹان کی طرح مضبوط ہو گئیں بلکہ شہریوں کی اوسط عمر میں نمایاں اضافہ ہوا، غربت کی لکیر سے باہر نکلنے والوں کا سیلاب آ گیا اور عوام کا اپنی ریاست پر ٹوٹا ہوا اعتماد ایک بار پھر بحال ہو گیا۔
کسی بھی ریاست کی کشتی کو طوفانی بھنور سے نکال کر کنارے تک پہنچانے کے لیے جب تک تمام ستون متحد ہو کر اپنا فرض مخلصانہ انداز میں ادا نہ کریں اس وقت تک منزل کا حصول ناممکن رہتا ہے اور ہمارے پیارے وطن کو موجودہ دلدل سے نکالنے کے لیے بھی اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی قیادت انتظامیہ اور ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریوں کا بوجھ اکیلے اٹھانے کے بجائے اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں سیاسی قیادت کو محض وقتی سبسڈی اور خوش کن اعلانات کے پرانے فریب سے باہر نکلنا ہوگا اور ریٹیل سیکٹر اور بڑے جاگیرداروں کو بلا جھجھک ٹیکس نیٹ میں لاتے ہوئے پیٹرولیم لیوی کا ظالمانہ بوجھ عام آدمی کے شانوں سے ہٹانا ہوگا تاکہ صحت اور تعلیم کے بجٹ کو ہنگامی بنیادوں پر بڑھا کر قوم کی بنیادوں کو مضبوط کیا جا سکے پالیسیوں کے اس خوبصورت خاکہ کو زمین پر اتارنے کی اصل ذمے داری سول انتظامیہ اور بیوروکریسی کے کندھوں پر ہے جنہیں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی ڈاکٹروں کی مکمل حاضری اشیائے خوردونوش میں زہر گھولنے والے عناصر کے خاتمے اور ضلعی سطح پر گڈ گورننس کے خواب کو حقیقت کا روپ دینا ہوگا تاکہ عام شہری کو ریاست ہونے کا احساسِ تحفظ مل سکے اس تمام تر عمل کی کامیابی کا انحصار اس ناگزیر حقیقت پر ہے کہ تمام ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے ایک ہی سمت میں رواں دواں ہوں جہاں معاشی پالیسیوں کے تسلسل کی ٹھوس ضمانت دی جائے سرحدی اسمگلنگ کے اس ناسور کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے جو ہماری معیشت کا خون نچوڑ رہا ہے معدنیات کی تلاش کے لیے اور انہیں پروسیس کرنے کے لیے بہترین کمپنیوں سے فائدے مند معاہدے کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی غیر سیاسی مداخلت کے بغیر منتخب حکومت اور انتظامیہ کو آزادانہ اور پرسکون ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر عوام کی خدمت کر سکیں یہی وہ واحد اور کلیدی راستہ ہے جو ہماری مایوسیوں کو امید میں بدل سکتا ہے اور اگر آج ہم نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی کیونکہ قومیں تبھی زندہ رہتی ہیں جب ان کے حکمران اور ادارے مفادات کی زنجیریں توڑ کر عوام کی فلاح کو اپنا واحد قبلہ بنا لیتے ہیں۔
ترجیحات کا تضاد اور عوامی مسیحائی
