ماخذ: یو این اے
کوئٹہ، نوکنڈی (آن لائن، یو این اے) کچھی پولیس نے حاجی شہر اور بھاگ میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 افراد کے قتل میں مطلوب مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا پولیس کے مطابق گزشتہ روز ڈی آئی جی پولیس سبی رینج پرویز احمد عمرانی اور ایس ایس پی کچھی غلام مرتضیٰ بھٹو کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او شیر احمد محمد شہی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حاجی شہر محمد حنیف گشکوری اور ایس ایچ او صدر بھاگ ریاض احمد نے پولیس کے عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 4افراد کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم شبیر احمد سکنہ گوٹھ تاج حبیب مٹھڑی کو ڈیرہ مراد جمالی سے گرفتار کرکے کارروائی شروع کردی۔ دریں اثنا نوکنڈی میں مختلف راستوں پر سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں، 62 افغان باشندے حراست میں لے لیے گئے، نوکنڈی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف راستوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 62 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر ایک افغان باشندے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں کاروبار کے مواقع نہ ہونے کے باعث وہ روزگار کی تلاش میں دوسرے ممالک جانے کے خواہش مند ہیں۔ دوسری جانب نوکنڈی اور گردونواح میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی جانب سے آئے روز کارروائیاں جاری ہیں۔
