بولان میں دھماکے سے متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت 5 روز گزرنے کے بعد بھی شروع نہ ہوسکی

گیس پائپ لائن

کوئٹہ (یو این اے)بولان میں دھماکے سے متاثر ہونے والی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام پانچ روز گزرنے کے باوجود شروع نہ ہوسکا، سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث سوئی سدرن گیس کمپنی کی امدادی و مرمتی کارروائیاں بدستور تعطل کا شکار ہیں۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے ٹیمیں اور ضروری سامان موجود ہیں تاہم سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث موقع پر کام شروع نہیں کیا جاسکا۔گیس پائپ لائن بدھ کے روز دھماکے سے متاثر ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں کوئٹہ، مچھ، مستونگ، قلات، پشین، زیارت اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔گیس کی بندش اور کم پریشر کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین سمیت کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا جائے گا۔