منشیات برآمدگی کیس، عدالت نے انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرکے مقدمے سے بری کردیا

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مقدمے سے بری کردیا ہے جبکہ وکیل صفائی کے مطابق مقدمے کے 2 شریک ملزمان علی اور فہمیدہ پہلے ہی 2024 میں بری ہوچکے ہیں۔ جمعرات کو کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف گزری تھانے میں درج منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ملزمہ کی جانب سے انعم کوثر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں 2 شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، ملزم علی اور فہمیدہ کو 2024 میں عدالت نے بری کیا تھا۔ وکیل صفائی کے مطابق انمول پنکی کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا تھا تاہم جب شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں تو ملزمہ کے خلاف مقدمے میں سزا کا کوئی امکان نہیں رہا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مقدمے سے بری کردیا۔ عدالتی کارروائی کے مطابق انمول پنکی کے خلاف گزری تھانے میں منشیات کا یہ مقدمہ 2021 میں درج کیا گیا تھا اور ملزمہ اس مقدمے میں مفرور تھی۔