پشین (آئی اےن پی) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت ضلع پشین میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا، اسفندیار کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی پشین، ڈی پی او پشین سمیت متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پشین کے قبائلی عمائدین اور علماءکرام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے ضلع پشین میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاءنے علاقے میں امن و امان کی بہتری اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشین سمیت صوبے بھر میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں اور اس سلسلے میں باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ اجلاس میں ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور پشین سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو کی زیر صدارت اجلاس، پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ
