دالبندین بارودی سرنگ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی، جھل مگسی میں دو مغویوں کی لاشیں برآمد

تخریب کاری

ماخذ: یو این اے

دالبندین، جھل مگسی (آن لائن، یو این اے) دالبندین کے علاقے سیاہ جنگل میں گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق دالبندین کے علاقے سیاہ جنگل میں نصب مبینہ آئی ای ڈی پھٹنے سے یہ واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی شخص کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں سے شدید زخمی کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔واقعے میں جاں بحق شخص کی شناخت شاہجان کلی خان جان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی نعیم کا تعلق دالبندین کی ظہور کالونی سے بتایا جاتا ہے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع جھل مگسی کے نواحی علاقے گھاترہ سے مزید 2 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق دونوں لاشیں نورانی روڈ کے کنارے جھاڑیوں سے ملی ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیا، جن کی شناخت مولوی صادق ابڑو اور لیاقت ابڑو کے طور پر ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں افراد کو چند روز قبل گنداواہ کے نواحی علاقے سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا، جس کے بعد بدبخت ملزمان نے مغویوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور لاشیں سڑک کنارے جھاڑیوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 5 روز کے دوران علاقے سے اغوا ہونے والے افراد میں سے 4 مغویوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔ دو روز قبل بھی اسی علاقے گھاترہ سے عرفان دیناری اور ایک مقامی اسکول کے چپڑاسی عبدالرشید کی لاشیں ملی تھیں، جنہیں بھی مسلح افراد نے اغوا کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے واقعات کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔