ماخذ: این این آئی
خضدار (این این آئی) خضدار کے علاقے میں ڈی آئی جی خضدار رینج اور ایس ایس پی خضدار کے قافلے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ضلع خضدار کی تحصیل کرخ ایریا میں ڈی آئی جی خضدار رینج عمران قریشی اور ایس ایس پی خضدار کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کرخ پولیس تھانے پر نامعلوم افراد نے بم دھماکہ کیا تھا، دھماکے کے بعد ڈی آئی جی خضدار رینج عمران قریشی اور ایس ایس پی خضدار بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کرخ پہنچے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس آفیسرز امدادی کارروائی اور تحقیقات کے بعد واپسی پر تھے کہ کرخ ایریا میں گھات لگائے مسلح افراد نے ان کے قافلے پر اچانک فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
