ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کی بلوچستان اسمبلی میں قبائلی نظام سے متعلق بیان کی وضاحت، قبائلی روایات کی توہین نہیں بلکہ استحصالی رویوں اور معاشرتی ناانصافیوں کی نشاندہی مقصود تھی۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں قبائلی نظام سے متعلق ان کے ریمارکس کا مقصد قبائلی روایات، قبائلی عمائدین یا کسی مخصوص شخصیت کی توہین کرنا ہرگز نہیں تھا، بلکہ قبائلی اور سرداری نظام کے اندر موجود بعض استحصالی طریقہ کار، ناانصافیوں اور معاشرتی برائیوں کی نشاندہی کرنا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض میڈیا حلقوں کی جانب سے عوامی محرومیوں اور تاریخی و سیاسی شخصیات سے متعلق ان کے حوالوں کو بغاوت کے جواز کے طور پر پیش کرنا ان کے اصل مقف اور تقریر کی درست عکاسی نہیں کرتا۔ ان کا مقصد عوامی محرومیوں کی بنیاد پر بغاوت، تشدد یا کسی بھی غیر آئینی اقدام کا جواز پیش کرنا نہیں تھا۔میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ قبائلی اور سرداری نظام سے وابستہ ایسے فرسودہ رویوں اور استحصالی طریقوں کی نشاندہی ضروری ہے جو تعصب، قبائلی انتہا پسندی، نفرت، تشدد اور معاشرتی تقسیم کو فروغ دیتے ہیں۔
