بلوچستان اسمبلی میں پاس قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں، حق بات کرنے پر ہمیں دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، زمرک اچکزئی

انجینئر زمرک خان اچکزئی

ماخذ: آن لائن

کوئٹہ (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیما نی لیڈر سابق صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی پاس کی جانے والی قرار دادوں کو اہمیت نہیں دی جاتی، بلوچستان میں نیوز چینلز اور میڈیا آفسز کی بندش اور 122 ورکروں کو فارغ کرنے اور ملازمین کو حکومت کے مقرر کردہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پاس کی گئی قرار داد اہمیت کی حامل ہے، اس کو موثر بنانے کیلئے ایوان بالا اور ایوان زیرین سمیت ہر فورم پر آواز ٹھائیں گے، ہم صحافیوں کی ہر تحریک اور جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے گئے 2 روزہ احتجاجی کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماﺅں سابق اراکین اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی، ثناءاللہ بلوچ، احمد نواز بلوچ، حاجی عبدالباسط لہڑی، میر اختر حسین لانگو، راحب بلیدی ایڈووکیٹ، حاجی شفاءمینگل، سید عبدالقیوم آغا، نصر اللہ بلوچ، میر احمد راسکوہ وال، عبدالنبی سمالانی، خیر محمد شاہین، عید محمد ، نیوز پیپرز ایسوسی ایشن کے شکیل احمد، سردار جسبیر سنگھ، میر بہرام لہڑی، وحدت مسلمین کے علامہ ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری اور نظام کرد ، عابد بٹ ، ڈاکٹر عبدالحنان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ اسمبلی میں قرار دادیں منظور ہوئی ہیں لیکن ان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا ہم جب بھی بلوچستان کے حقوق کی بات کرتے ہیںہمیں دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے ۔ بلوچستان وہ واحد صوبہ ہے جہاں صحافت کو بھی نہیں بخشا جا رہا، صحافیوں نے اپنی زندگی ہتھیلی پر رکھ کر اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے ہیں اگر بلوچستان کی آواز کو حکام بالا تک پہنچانے والی صحافت کو ہی دبا دیا گیا تو ہماری آواز عوام اور ارباب اختیار سمیت حکام بالا اور دنیا بھر تک تک کون پہنچائے گا چینل مالکان بھلے بلوچستان سے پیسہ کمائیں مگر ورکرز کیساتھ ایسا ظلم نہ کریں جن کے توسط سے پیسہ کما رہے ہیں بعد میں انہیں بے روزگار کرکے انہیں نان شبینہ کا محتاج بناتے ہوئے ان کی نوکریاں چھین کر ان کا معاشی قتل تو نہ کیا جائے، ساحل وسائل کی بات کرنے پر ہمیں کبھی اجاگر نہیں کیا جاتا، پاکستان کے دیگر صوبوں کے نان ایشوز کو میڈیا میں ہائی لائٹ کیا جاتا ہے لیکن بلوچستان کے حقیقی مسائل عوام کے سامنے لانے کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا، صرف بلوچستان اور یہاں پر بسنے والوں کا منفی چہرہ ہی میڈیا میں پیش کیا جاتا ہے، جو سراسر جھوٹ کا پلند ہ ہے۔ پارلیمان میں بھی میڈیا کے لئے آواز اٹھاﺅں گا مگر ہمارے ملک میں افسوس سے کہنا پڑتا ہے یہاں کسی قرار داد کو اہمیت نہیں دی جاتی، آپ کی آواز کو وفاق تک لے جائیں گے اس کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی اپنے ساتھیوں اور دوستوں کے ساتھ ملکر آپ کی آواز کو مضبوط اور توانا بنائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی صحافیوں کی تحریک اور جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور رہے گی۔