نئے سال کے شروع میں نئے صوبوں کا معاملہ حل ہوجائے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف

خواجہ آصف

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق معاملہ زیادہ لمبا نہیں چلے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نئے سال کے شروع میں نئے صوبوں کامعاملہ حل ہوجائے گا، جلد ایسی کوئی شکل سامنے آجائے گی جوسب کوقبول ہوگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش ہے اور آئینی ترامیم کا طریقہ کار بھی درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم نئے سال کے شروع میں ہوسکتا ہے حتمی وقت نہیں بتاسکتا، ریفرنڈم سے متعلق دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطے جاری ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جوبھی کیاجارہا ہے اس کے مثبت نتائج ہوں گے، صوبوں کے قیام سے متعلق جوبھی دستاویز ہوگی وہ مشترکہ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم پر من و عن عمل درآمد ہوتا تو آج یہ بحث نہ ہوتی، 18ویں ترمیم کی روح نکالی جاچکی ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ملک بھر میں صوبے بنیں،کتنے بنیں گے یہ معلوم نہیں۔