دہشتگردی کیخلاف خیبر پختونخوا پولیس فرنٹ لائن فورس ہے، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

راولپنڈی (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع و سلامتی کیلئے ان کی اعلیٰ سطح کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس فورس کو سراہتے ہوئے کے پی پولیس کو ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کیخلاف ان کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میران شاہ کے دورے پر فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، دہشتگردی کےخلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور خیبر پختونخوا کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔