مکہ معاہدہ خطے میں استحکام کی ضمانت ہے، سعودی عرب کا مکمل دفاع کیا جائے گا، پاکستانی فوجی ترجمان

پاکستانی فوجی ترجمان

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اچانک وجود میں آنے والا اتحاد نہیں ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا نفاذ، اس کے تمام اثرات دفاعی نوعیت کے ہوں گے، یہ کس طرح ہوگا، کون سا دستہ وہاں جائے گا، فیصلہ آپریشنل کمانڈرز کریں گے، معاہدے کو کس انداز میں استعمال کیا جائےگا، اس کا فیصلہ بھی آپریشنل کمانڈرز کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کو خطے کے استحکام کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی عناصر مذموم مقاصد کو عملی جامع پہنانے سے پہلے کئی بار سوچیں گے، اس کا مقصد کسی کو دشمن یا دوست قرار دینا نہیں ہے، اس معاہدے کا مقصد سعودی عرب کا دفاع کرنا ہے اور دفاع کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ایران امریکا جنگ کے خاتمے اور معاہدے کی کوششیں کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، چاہتے ہیں اختلافات کم ہوں، مذاکرات کے ذریعے پرامن حل نکلے، تنازع مزیدنہ پھیلے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے غیرجانبداری سے امریکا ایران جنگ بندی کے لیے اہم کردار ادا کیا، ہمارا مفاد علاقائی امن اور استحکام میں ہے، جنگ کو مزید پھیلانے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔