یوریا کھاد پر پابندی کیخلاف خضدار میں زمینداروں کا احتجاج، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل

خضدار زمینداروں کا احتجاج

خضدار (نامہ نگار) یوریا کھاد کی عدم دستیابی اور پابندیوں کے خلاف جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی نے کوشک پل کے سامنے قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ خضدار میں یوریا کھاد کی بندش اور زمینداروں کو دیگر درپیش مسائل کے خلاف زمینداروں کا شدید احتجاج، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی ضلع خضدار کی کال پر کوشک کے مقام پر زمینداروں نے احتجاجی دھرنا دے کر کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بلاک کر دیا۔ دھرنے کی قیادت صدر جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی عبدالوہاب غلامانی کر رہے ہیں، جبکہ وڈھ، وھیر، نال، زیدی، باغبانہ، توتک اور فیروز آباد سمیت مختلف علاقوں سے زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالوہاب غلامانی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ عبدالوہاب غلامانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مختلف ہتھکنڈوں سے زمینداروں کا معاشی قتل عام کررہی ہے، اس کی مثال یوریا کھاد کی بندش، ان کے باغات کو کاٹنے کی کوششیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر زمینداروں کیخلاف جاری ظالمانہ پالیسیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے یوریا کھاد کی خریداری سے پابندی ختم کرتے ہوئے زمینداروں کا معاشی قتل عام بند کرتے ہوئے انہیں سہولیات فراہم کرے۔