یمنی حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کے متعدد شہروں پر حملے، خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی

سعودی عرب حملے

صنعا (مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کی حوثی جماعت انصار اللّٰہ کے سعودی عرب میں حملوں سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ سعودی اتحادی فورس کے مطابق سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ نے حملے کیے جس میں 73 افراد زخمی ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ سعودی اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے سعودی شہروں ابہا، خمیس، مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے، ان حملوں کے دوران شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق حکومتی فورسز اور حوثیوں کے درمیان البیضا اور الجوف صوبوں میں لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ سعودی اتحادی فورس کے مطابق سعودی عرب پر انصار اللہ کے حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب یمنی فورسز نے حوثیوں کےخلاف جوابی کارروائیوں کا اعلان کردیا ہے۔ یمنی نائب وزیر دفاع میجر جنرل سمیر الصبری کا کہنا ہے کہ حوثیوں سے صنعا کو دوبارہ حاصل کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔