میکسیکو سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) میکسیکو میں مذہبی میلے کے دوران آتش بازی کا سامان پھٹنے سے 10 افراد ہلاک، 64 زخمی ہوگئے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق میکسیکو میں ایک چرچ کے احاطے میں آتش بازی کے سامان میں دھماکہ ہوا، لوگ چرچ میں سالانہ میلے کی تقریبات سے قبل عبادت کے لیے جمع تھے، دھماکے میں دس افراد ہلاک، جبکہ بھگدڑ کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے، دھماکے سے چرچ کی دیواروں اور میلے کے لیے لگائے گئے جھولوں سمیت دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میلے کے دوران آتش بازی کا واقعہ ہفتے کے روز ریاست میکسیکو کے شہر تیمسکال سینگو کی میونسپلٹی میں ایک مذہبی تقریب کے دوران پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کچھ افراد کو بھوسے سے بنے ایک بیل کا مجسمہ اٹھائے دیکھا گیا جس سے آتش بازی کے فوارے نکل رہے تھے۔ خبر ایجنسی کے مطابق مبینہ طور پر جلتے ہوئے بیل نے قریبی چرچ میں رکھے آتش بازی کے مزید بڑے ذخیرے کو بھی آگ لگا دی، آتش بازی کے سامان میں دھماکوں سے کئی دیواریں گر گئیں اور مرکزی چوک میں آگ بھڑک اٹھی۔
میکسیکو، چرچ کے احاطے میں آتش بازی کے سامان میں دھماکہ، 10 افراد ہلاک، 64 زخمی ہوگئے
