نوسانتارا (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا کے جزیرے مدورا کے قریب ایک مسافر بردار بحری جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 41 افراد لاپتا ہوگئے۔ انڈونیشیا کی نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب مسافر بردار بحری جہاز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے جنوبی سولاویسی کے شہر مکاسر جا رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ مسافر بردار بحری جہاز میں مجموعی طور پر 271 مسافر اور عملے کے افراد سوار تھے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک 225 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے جبکہ 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اس طرح 41 افراد اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے سمندر میں وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق امدادی ٹیمیں کشتیوں، ریسکیو اہلکاروں اور دیگر وسائل کی مدد سے لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو محفوظ نکالا جاسکے۔
انڈونیشیا میں مسافر بردار بحری جہاز میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک، 41 لاپتا ہوگئے
