اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ایوان صدر میں آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں سے ملاقات کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔ ایوان صدر آمد پر صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت کی، ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کرلیا، پیپلز پارٹی نے بجٹ منظور کروانے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے جبکہ بعض قابل عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت جاری رکھیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر صدر زرداری کو مبارک باد دی اور بہترین انتخابی مہم چلانے پر بلاول کی تعریف کی۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر بھی شریک ہوئے، اس دوران آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال اور مستقبل کے سیٹ اپ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، پیپلز پارٹی نے بجٹ منظوری کیلئے گرین سگنل دیدیا
