تھانہ نال اور گریشا پر مسلح افراد کا حملہ، فیکٹری اور متعدد گاڑیاں نذر آتش، 2 افراد جاں بحق، 18 شہری زخمی، پولیس

کوئٹہ (آن لائن) تھانہ نال اور گریشا پر مسلح حملہ نا کام بنادیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق درجنوں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار افراد کے راکٹ لانچر،دستی بموں اور جدید ہتھیاروں سے حملے سے ایک خاتون اور ایک مرد جاں بحق جبکہ 18سے زائد شہری زخمی ہوگئے‘ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز 50 سے 60 مسلح افراد جو 40 سے 50 موٹر سائیکلوں اور 3 پک اپ گاڑیوں پر سوار تھے نے جدید ہتھیاروں، راکٹ لانچروں اور دستی بموں سے تھانہ گریشا اور نال پر حملہ کیا۔ تھانوں میں موجود اے ٹی ایف، پولیس اسکواڈ کے عملے نے مقابلہ کرتے ہوئے حملے کو پسپا کردیا۔ حملے میں ایک خاتون اور مرد جاں بحق جبکہ 18 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا، گریشا تھانہ حملے کے دوران راکٹ لگنے سے گیٹ اور واچ ٹاور کو معمولی نقصان پہنچا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کا فائدہ اٹھاٹے ہوئے حملہ آوروں نے ماربل فیکٹری کو معمولی نقصان پہنچایا اور فرار ہونے سے قبل میر شہ میر بزنجو کی 5 گاڑیا ں اور ایک دکان کو آگ لگا دی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی خضدار اے ٹی ایف اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال پرقابو پا لیا۔