آبنائے ہرمز میں لاکھوں لیٹر تیل بردار ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، ایرانی بحریہ کا دعویٰ

آبنائے ہرمز تیل بردار ٹینکر

اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) آبنائے ہرمز میں 20 لاکھ بیرل سے زائد تیل لے جانے والا ایک اور ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک اور بڑے تیل بردار جہاز کو سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی۔ اس جہاز میں 20 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل موجود تھا۔ پاسداران انقلاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ سپر آئل ٹینکر نے اپنے ٹریکنگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور وہ ممنوعہ علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، اسے امریکی فوج نے گمراہ کرکے اس راستے سے گزرنے پر آمادہ کیا تھا۔ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز بند ہے، ایران کے مقرر کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہاں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا۔