اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
لاہور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبے اسی صورت میں بنیں گے جب سب راضی ہوں گے ورنہ نہیں بنیں گے۔ این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے تمام جماعتوں کی رائے ضروری ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لے لی جائے، اگر اس کے علاوہ بھی کوئی بہترین حل ہے تو اس کے لیے بھی عوام کے پاس جانا چاہیے، اگر عوام کہتے ہیں کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو میں عوام کے ساتھ ہوں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سب کا اپنا اپنا موقف ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا اپنا موقف ہے، ہمارے لیے پیپلز پارٹی، ن لیگ سمیت تمام جماعتیں اہم ہیں، ن لیگ اور ہم سارے اکٹھے ہیں، جو بھی ہوگا اختلاف سے نہیں ہوگا، اگر سب راضی ہوں گے تو سب کچھ ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا ایک دو دن سے افواہیں چل رہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہوسکتا ہے، جو ان کا قانونی حق ہے اور عدالت سے جو انہیں ملے گا وہ ہی ملے گا، باقی ساری چیزیں اسی طرح ہیں، کوئی فرق نہیں ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کیخلاف زیروٹالرنس ہے، آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین نشانہ بن رہی ہیں، ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم نے وزارت داخلہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی ہے، لوگ نشاندہی کریں، ہم کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے، اسلام آباد کی زمین پر جس بے دردی سے قبضہ کیا گیا ہے دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔
