ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) خانوزئی کے علاقے کلی گوال کے رہائشی اسرار احمد نے وزیرا علیٰ بلوچستان اور کمانڈر 12 کور، آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے خاندان کے 4 افراد کے قتل اور 4 کو زخمی کرنے والے ملزمان گرفتار نہ ہونے کی وجہ سے سرعام دندناتے ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں اگر انہیں گرفتار نہ کیا گیا تو ہم میتیں قبروں سے نکال کر قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پرعائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کا ڈاکٹر بشیر احمد اور علی احمد کے ساتھ کانکنی کی لیز کا تنازعہ چلا آرہا ہے جس کے سلسلے میں قانونی چارہ جوئی جاری ہے ڈاکٹر بشیر احمد نے اجمل کو اس معاملے میں شامل کیا ہے جس کے بعد مجھے اور میرے خاندان کو دھمکیاں دی جارہی ہےںاور اس حوالے سے پہلے بھی میڈیا کے ذریعے حکام بالا تک حقائق پہنچاچکا ہوں۔ 28 اکتوبر کو میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ پشین گیا تھا جہاں مقدمے کی سماعت تھی اس کے بعد ہم یارو بوستان روڈ کے راستے گھر آرہے تھے کہ کلی مہترزئی بوستان کے قریب ہم پر حملہ ہوا اس حملے میں ہمارے خاندان کے 4 افراد کو قتل اور 4کو شدید زخمی کردیا گیا جن میں سے 2 تا حال ہسپتال میں زیر علاج زندگی اور موت کی کشمکش میں ہےں۔انہوں نے کہا کہ وکلاءہمارے خاندانی تنازعے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں جس سے گریز کرنا چاہئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمیں دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔
