ماخذ: آئی این پی
کوئٹہ (آئی این پی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کمپنسیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہنہ وڑک، چمن پھاٹک اور دیگر واقعات سے متعلق معاوضے کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف واقعات کے دوران متاثر ہونے والی گاڑیوں، املاک اور دیگر نقصانات سے متعلق کیسز کا انفرادی طور پر تجزیہ کیا گیا۔ اس موقع پر متاثرین کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات، نقصانات کی تفصیلات اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔اجلاس میں دستاویزی کارروائی مکمل کرنے والے کیسز کو منظوری کے لیے پیش کیا گیا، جبکہ دیگر زیرِ التوا کیسز کی دستاویزات اور قانونی تقاضوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام کیسز کی جانچ پڑتال شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائی جائے تاکہ مستحق متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے عمل کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔
