ڈیرے دار
سہیل بشیر منج
پاکستان کی دھرتی پر بجلی کے تاروں سے لپٹی تاریکی صرف روشنی کی غیر موجودگی نہیں بلکہ اس نظام کی موت ہے جو غریب عوام کی سسکتی ہوئی روحوں کو روزانہ کی بنیاد پر نوچ رہا ہے لیسکو کے کارندے جب گھروں کی دہلیز پر قدم رکھے بغیر من مانے یونٹس کی کالک پوتتے ہیں تو مہینے کے اختتام پر غریب کسان مزدور اور دکاندار کی جمع پونجی سلیب کی اگلی سیڑھی پر چڑھ کر بھسم ہو جاتی ہے لائن لاسز اور ناکام ریکوریوں کے عذاب کا سارا بوجھ اجتماعی اوور بلنگ کے ذریعے اس بے بس عوام پر مسلط کر دیا جاتا ہے جن کے اپنے گھروں کے دیے اندھیرے میں ڈوب چکے ہوتے ہیں نیا کنکشن لگوانے جلے ہوئے میٹر کی تبدیلی یا شفٹنگ کے ہر کاغذ پر کرپشن کے انگوٹھے ثبت کیے جاتے ہیں اور بھتہ وصولی کا یہ ناسور اس انتہا کو چھوتا ہے کہ عام آدمی انصاف کی دہلیز پر سسک سسک کر دم توڑنے پر مجبور ہو جاتا ہے ملک کے اندر بجلی کی پیداواری صلاحیت پینتالیس ہزار میگاواٹ تک پہنچتی ہے جبکہ گرمیوں کی بلند ترین طلب بھی اٹھائیس ہزار میگاواٹ سے زیادہ نہیں ہوتی مگر اصل عذاب کیپیسٹی پیمنٹس کی وہ اندھی کھائی ہے جو آئی پی پیز کے ان ظالمانہ معاہدوں کی دین ہے جہاں بجلی خریدیں یا نہ خریدیں پلانٹس کو بستر مرگ پر سونے کے باوجود اربوں روپے کی نذرانہ رقم ادا کرنی پڑتی ہے اور اس شیطانی کھیل کا پورا مالی بوجھ غریب کی ہڈیوں کا گودا نچوڑ کر پورا کیا جاتا ہے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا دھوکہ بھی اسی ظلم کی ایک اور بھیانک شکل ہے جہاں بین الاقوامی منڈیوں کے بہانے اپنی نالائقیوں بجلی چوری منتھلی سسٹم اور انتظامی تباہی کا سارا ملبہ مظلوم عوام کے ناتواں کندھوں پر ڈال دیا جاتا ہے مانگا منڈی شیخوپورہ اور رائیونڈ کے اندرونی نیٹ ورکس میں فیکٹریوں اور کارخانوں کو کھلی چھوٹ دے کر غریبوں کے میٹروں پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے اور اس کی سزا ان شہریوں کو دی جاتی ہے جو بروقت بل ادا کرتے ہیں جس سے محکمہ تو پتہ نہیں امیر ہوا یا نہیں ان کے اہلکاران بہت امیر ہو چکے ہیں اگر ریاست سنجیدہ ہو تو اپنی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ذریعے لیسکو ملازمین کے اثاثہ جات کی تلاشی لے لیں سب کچھ سامنے آ جائے گا بدقسمتی سے ہم ایسے نظام کہ غلام ہیں جہاں طاقتور مافیاز کی پشت پناہی کرنے والے عدالتی اور انتظامی شکنجوں سے اس طرح آزاد گھومتے ہیں کہ کوئی پرسانِ حال نہیں رہتا اور بے بس عوام اندھیروں کے اس سمندر میں روزانہ خاموشی سے خون کے آنسو رونے پر اکیلی رہ جاتی ہے
عدالتی چکروں کی اس چکی میں پستا ہوا غریب انسان جب اپنے حق کی جنگ لڑنے کے لیے قانون کے در پر دستک دیتا ہے تو وہاں بھی اسے ریاست کے طاقتور اداروں کی طرف سے سرکاری خرچے پر کھڑے کیے گئے مہنگے اور چالاک وکیلوں کی آہنی دیوار کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو جھوٹ کو سچ کا لباس پہنا کر مظلوم کی ہر آواز کو دبا دیتے ہیں دیہاڑی پر جینے والا وہ نادار انسان نہ تو عدالتوں کے مہنگے چکروں کی ہولناک فیسیں بھرنے کی طاقت رکھتا ہے اور نہ ہی برسوں پر محیط ان تھکا دینے والی پیشیوں کی سکت اس کے بدن میں باقی رہتی ہے جو روزانہ اس کی عزتِ نفس کو تار تار کرتی ہے بالآخر وہ نظام کی اس بے رحمی سے ہار کر اپنے سر پر ظلم کا بوجھ اٹھائے سسکتے ہوئے خود کو اس ظالمانہ لیسکو کے سامنے مکمل طور پر سرنڈر کر دیتا ہے جہاں کوئی اس کا پرسانِ حال نہیں ہوتا اس تاریک اور ظالم نظام کے برعکس دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بجلی کو منافع کمانے کا ذریعہ ہرگز نہیں بلکہ انسان کا بنیادی حق اور فلاحی ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے جہاں حکومتیں جدید گرڈ سسٹمز کے ذریعے عوام کو سستی اور بلاتعطل توانائی فراہم کرتی ہیں اور گھروں کی چھتوں پر سولر پینلز نصب کرنے کے لیے بلا سود قرضے اور آسان اقساط کے ساتھ نیٹ میٹرنگ کی شفاف ترین سہولتیں دے کر عام آدمی کو خود کفیل بناتی ہیں لائف لائن ٹیرف کے نام پر غریب طبقے کو اتنی زبردست اور عملی طور پر آسانیاں اور سہولتیں دی جاتی ہیں کہ کسی کو کبھی مہنگے بلوں کا خوف ستا نہیں سکتا اور اگر ہمارے ملک میں بھی اس روشن اور فلاحی نظام کی بنیاد رکھ دی جائے تو اس اندھیرے کے راکشس سے عوام کی جان ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چھوٹ سکتی ہے
وقت کا تقاضا ہے کہ اس تاریک اور ظالمانہ نظام کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی جائیں اور ریاست کو ایک حقیقی فلاحی ریاست کا روپ دے کر بجلی کو منافع بٹورنے کا تجارتی ذریعہ بنانے کی بجائے عوام کی بنیادی ضرورت تسلیم کیا جائے حکمرانوں کو یہ تلخ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ غریب عوام کی ہڈیوں کا گودا نچوڑ کر محکموں کی شاہ خرچیاں اور کرپٹ افسرشاہی کے اخراجات پورے نہیں کیے جا سکتے اب وقت آ گیا ہے کہ تمام کمرشل بینکوں کے اشتراک سے ملک کے ہر غریب اور متوسط گھرانے کے لیے آسان اقساط پر سولرائزیشن کا ایسا انقلابی نظام متعارف کروایا جائے جہاں ماہانہ لیسکو کے ظالمانہ بلوں میں لٹٹنے والی رقم قسطوں کی شکل میں اپنے ہی گھر کے سولر سسٹم کی ملکیت میں بدل جائے اور چند برسوں میں یہ قوم بجلی کے ظالمانہ بلوں کے عذاب اور لیسکو اہلکاران کے ظلم سے ہمیشہ کے لیے آزاد ہو جائے نیٹ میٹرنگ کے قوانین کو پیچیدہ بنا کر عوام کے حوصلے توڑنے کی بجائے اضافی بجلی خریدنے کا منصفانہ اور شفاف ترین طریقہ اپنایا جائے تاکہ سورج کی اس خدا داد توانائی سے ہر گھر روشن ہو سکے سولرائزیشن سے ائی پی پیز سے بہت سستی بجلی حاصل کی جا سکتی ہے جس سے ملک کا ہر نادار شہری اندھیروں کے اس خوفناک عذاب سے نکل کر ایک پرسکون اور روشن مستقبل کی صبح دیکھ سکے جہاں نہ کوئی ظالم سلیب ہوگی اور نہ ہی کسی غریب کی آنکھوں میں بے بسی کے انسو ہوں گے
بجلی کا عذاب اور تاریک نظام
