اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک
انطالیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت آگے بڑھنے پر زور دیا ہے۔ ترکیے کے شہر انطالیہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری تنازع پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کا مخلصانہ تعمیری کردار جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحمل، کشیدگی میں کمی اور پائیدار سفارت کاری ہی مستقل امن کا واحد راستہ ہیں۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تہران کی بھرپور خواہش کو دہرایا۔ ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ علاقائی امن، سلامتی اور خوش حالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ انطالیہ میں جاری کوپ تھرٹی ون کانفرنس کے موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کا بوجھ پہلے سے قرضوں تلے دبے ملکوں پر نہیں ڈالا جاسکتا۔ عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر معیشتوں کو ترقی دینی ہے، فنانسنگ کے بغیر اہداف کا حصول چیلنج ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں اہم موڑ ثابت ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر کویتی وزیراعظم، بنگلادیش کے وزیراعظم طارق رحمان، سعودی وزیر توانائی، ورلڈبینک کے صدر، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل، شام کے صدر اور فلسطینی وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کیں۔
