اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے، 7 افراد جاں بحق

جنوبی لبنان میں فضائی حملے

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے گاﺅں انصار میں ایک مکان کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 دیگر زخمی ہوئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یہ حملہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے امن معاہدے پر اتفاق کے بعد مہلک ترین حملوں میں سے ایک ہے۔ معاہدے کے مطابق اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے مقبوضہ علاقوں میں اس وقت تک موجود رہے گی جب تک لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح نہیں کیا جاتا اور لبنانی فوج ان علاقوں کا کنٹرول سنبھال نہیں لیتی جبکہ حزب اللہ نے ان شرائط کو ہتھیار ڈالنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے ایک علاقے میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی اس کے فوجیوں کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔