بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 12 دہشتگرد ہلاک، 8 ٹھکانے تباہ، خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی برآمد کرلی

بلوچستان فورسز کارروائیاں

ماخذ: آن لائن

کوئٹہ (آن لائن) سیکورٹی فورسز نے آپریشن رد الفتنہ تھری کے دوران بلوچستان کے علاقوں بسیمہ، کیچ اور دیگر مقامات پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک اور ان کے 8 ٹھکانوں کو تباہ کرکے وہاں سے 3 دیسی ساختہ آئی ای ڈی، خودکش حملے کیلئے تیار کی گئی گاڑی برآمد کرلی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز آپریشن رد الفتنہ تھری کے دوران سیکورٹی فورسز کے عملے نے بلوچستان کے علاقے بسیمہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا اسی طرح سیکورٹی فورسز نے کیچ کے علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران میرانی ڈیم کے قریب 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے 8 ٹھکانے تباہ کردیے اور وہاں سے 3 دیسی ساختہ بم، آئی ای ڈی اور خودکش حملے کیلئے تیار کی گئی گاڑی قبضے میں لے لی۔ ایک اور کارروائی میں علی گوراہام اور چہلم گاﺅں کے علاقوں میں بھی 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، دیگر دہشت گردوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔