اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک
باکو (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے نوجوان فائٹر محمد جواد نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کردیا، آذربائیجان میں جاری ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس اینڈ پینکریشن چیمپئن شپ میں انڈر 15 کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ باکو میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد جواد نے روس، قازقستان اور میزبان آذربائیجان کے فائٹرز کو شکست دے کر انڈر 15 پینکریشن کیٹیگری میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ محمد جواد رواں برس انڈر 16 ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ ورلڈ چیمپئن شپ میں دنیا کے تقریباً 35 ممالک کے ایک ہزار کھلاڑی شریک ہیں، پاکستان کے تین فائٹرز مختلف کیٹیگریز میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کی کامیابی کو پاکستان میں کھیل کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا ہے۔
