بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمن سے فون پر اظہار یکجہتی، حکومتی وفد کے سامنے اہلخانہ سے مبینہ سلوک کا معاملہ اٹھا دیا

بلاول بھٹو حکومتی وفد ملاقات

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ، بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کو مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا، خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رہائش گاہ کو سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔ دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو سے حکومتی وفد نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے گھر چھاپے اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کا معاملہ اٹھایا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد زرداری ہاﺅس اسلام آباد پہنچا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی۔ حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شریک تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے ملاقات میں شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتی وفد اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے درمیان ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر چھاپے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کے معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔