جمعیت رہنماﺅں کی گرفتاری، نظر بندی اور جلسے کی اجازت نہ دینا جمہوری اقدار کے منافی ہے، نیشنل پارٹی

نیشنل پارٹی

ماخذ: آئی این پی

کوئٹہ (آئی این پی) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں جمعیت علما اسلام کے رہنماﺅں کی گرفتاری، نظر بندی اور جلسے کے انعقاد کی اجازت نہ دینے کے حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف رکھنا، اپنی رائے کا اظہار کرنا اور پرامن احتجاج کرنا ہر شہری اور سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی و جمہوری حق ہے۔ کسی بھی حکومت کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ سیاسی اختلاف کو دبانے، سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر قدغن لگانے اور عوام کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کرے۔ ترجمان نے کہا کہ جمہوریت کا بنیادی تصور اختلاف رائے کو برداشت کرنا، سیاسی مکالمے کو فروغ دینا اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں سیاسی آزادی فراہم کرنا ہے۔ جلسے، جلوس اور احتجاج سیاسی عمل کا لازمی حصہ ہیں، انہیں انتظامی پابندیوں، گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے ذریعے روکنے کی کوششیں جمہوری اصولوں اور آئینی تقاضوں سے متصادم ہیں۔ بیان مین کہا گیا کہ ماضی کے آمرانہ ادوار میں سیاسی کارکنوں، رہنماﺅں اور جمہوری آوازوں کو دبانے کے لیے جو طرز عمل اختیار کیا جاتا رہا، افسوس کہ موجودہ دور میں بھی اسی روش کو جاری رکھا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی تصادم، عدم برداشت اور پابندیوں کے بجائے سیاسی رواداری، مکالمے اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جمعیت علما اسلام کے گرفتار رہنماﺅں کو فوری رہا، نظر بندی کے احکامات ختم کیے جائیں۔ حکومت سیاسی جماعتوں کو پرامن سیاسی سرگرمیوں کی آزادی دے اور اختلاف رائے کو جمہوری نظام کا لازمی حصہ تسلیم کرتے ہوئے سیاسی رواداری اور برداشت کا مظاہرہ کرے۔