مستونگ میں بارود سے بھری گاڑی کے دھماکے سے 2 شہری جاں بحق، متعدد زخمی، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

مستونگ دھماکے سے 2 شہری جاں بحق

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ (این این آئی) مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر دہشت گردوں کی جانب سے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی، جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے تاہم دھماکے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مو¿ثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا جوابی کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قریبی رہائشی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا افسوسناک واقعے میں 2 شہری شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے شہید ہونے والوں میں کلیم اللہ ولد عبداللہ اور ولی داد ولد سلیم شامل ہیں جبکہ تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں میں عبدالحق ولد نور محمد، عمر 63 سال، محمد اکرم ولد سید محمد، عمر 21 سال، محمد رمضان ولد گل محمد، عمر 35 سال، محمد ستان ولد محمد رمضان، عمر 3 سال، سراجان، عمر 35 سال، تانیہ عمر 21 سال، منزہ عمر 23 سال، بی بی حسینہ عمر 25 سال، زاہدہ عمر 45 سال فائزہ گل عمر 18 سال، شاہینہ عمر 35 سال، شہباز، عمر 12 سال، معراج، عمر 22 سال اور چشتی شامل ہیں زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان بلوچستان پولیس نے کہا ہے کہ اس بزدلانہ حملے سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کا بلوچستان کے عوام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مذموم حملہ ناکام بنایا۔ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔