ماخذ: یو این اے
بابا کوٹ (یو این اے) نصیرآباد کے علاقے چھتر میں گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کے جونیئر کلرک بابو نصراللہ قریشی کو نامعلوم افراد نے علی الصبح گھر سے اغوا کرلیا، واقعے پر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن نصیرآباد ڈویژن نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن نصیرآباد ڈویژن کے صدر آصف عظیم عمرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک سرکاری ملازم کو گھر سے اغوا کیا جانا انتہائی افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے، جس سے سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ میں خوف و ہراس پھیلتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ بابو نصراللہ قریشی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے اس میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔آصف عظیم عمرانی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بابو نصراللہ قریشی کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور بحفاظت واپسی کے لیے دعا کی۔
