گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی شہید سیشن جج کے بیٹوں سے ملاقات، زیر علاج ایڈیشنل سیشن جج کی عیادت، حکومتی تعاون کی یقین دہانی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز مستونگ کے دہشتگردانہ واقعے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کی سی ایم ایچ اسپتال میں خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزرائ، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کو واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملوث عناصر کیخلاف فوری کارروائی اور حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ علاوہ ازیں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز مستونگ کے دہشتگردانہ واقعے میں شہید ہونے والے سیشن جج عبد الحکیم کاکڑ کے بیٹوں سے ملاقات کی اور ان سے اپنی بھرپور شفقت کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کیخلاف بھرپور کارروائی اور حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔