کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کولمبو میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پیش آنے والے واقعے پر بھارتی بیٹر یشسوی جیسوال اور سری لنکن بولر اسیتھا فرنینڈو کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دونوں پر میچ فیس کا 25، 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے جبکہ دونوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق یشسوی جیسوال اور اسیتھا فرنینڈو کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جس کا تعلق میچ کے دوران کسی کھلاڑی، آفیشل، امپائر، میچ ریفری یا دیگر فرد سے نامناسب جسمانی رابطے سے ہے۔ واقعہ کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت کی اننگز کے 17ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب اسیتھا فرنینڈو نے یشسوی جیسوال کو آﺅٹ کیا۔ جیسوال ڈریسنگ روم کی جانب جارہے تھے تاہم انہوں نے اپنا رخ تبدیل کیا اور فرنینڈو کی جانب بڑھے اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ آئی سی سی کے بیان کے مطابق فرنینڈو نے جیسوال کی جانب اپنا سر کیا، جس کے جواب میں جیسوال بھی آگے کی جانب جھکے، جس کے نتیجے میں دونوں کے سروں کا آپس میں ٹکراﺅ ہوا۔ ٹی وی مناظر میں بظاہر جیسوال کو جسمانی رابطے کا آغاز کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ جیسوال نے فرنینڈو کی جانب رخ کرکے قدم بڑھایا، جس پر فرنینڈو نے بھی معمولی سا قدم آگے لیا۔ اس کے بعد جیسوال نے ہیلمٹ پہنے ہوئے اپنا سر فرنینڈو کی جانب جھکایا تاہم فرنینڈو اس موقع پر پیچھے نہیں ہٹے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی خلاف ورزی تسلیم کرلی اور آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے تجویز کردہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی نے جھگڑا کرنے پر بھارتی اور سری لنکن کرکٹ کھلاڑیوں پر جرمانہ کردیا
