کوئٹہ (یو این اے)تھانہ سریاب کی حدود سبزل روڈ پر شاہ زمان ٹان نزد شالکوٹ میرج ہال کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے آتشی اسلحے سے فائرنگ کر کے سی ٹی ڈی اہلکار عبدالحمید کانسٹیبل ولد مہر علی قوم قلندرانی، ساکن کلی الماس ایئرپورٹ روڈ کو شدید زخمی کر دیا۔واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ شدید زخمی اہلکار کو راہگیروں کی مدد سے فوری طور پر علاج معالجے کے لیے اسپنی روڈ پر واقع ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں تھانہ شالکوٹ کی حدود ہزار گنجی میں بسم اللہ ہوٹل کے قریب گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں محمد حسن ولد محمد حسین قوم شاہوزئی بلوچ نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے خودکشی کرلی۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری معائنے اور قانونی کارروائی کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش تھانہ شالکوٹ کی جانب سے جاری ہے۔ دریں اثاءتھانہ نیو سریاب کی حدود میں مستونگ روڈ پر شیخ زاہد ہسپتال کے قریب خان بابا ہوٹل پر بیٹھے ہوئے ایک شخص کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت سید نور ولد بختیار خان سکنہ ہرنائی کے نام سے ہوئی ہے۔فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ واقعے کے فورا بعد لاش کو ضروری معائنے اور قانونی کارروائی کے لیے شیخ زاہد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ نیو سریاب نے واقعے کا مقدم درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعات، ایک جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی، ایک شخص نے خودکشی کرلی
