سوراب، پنجگور (یو این اے) سوراب گدر کے علاقے چھڈ میں گزشتہ شب مسجد کے اندر سوئے ہوئے عبدالقادر ولد ناصر احمد (سکنہ چھڈ دوبانزل)پر نامعلوم افراد نے خنجر کے وار کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔ واقعے کے فوری بعد زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سوراب پہنچایا گیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت تشویشناک ہونے کے باعث کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ بظاہر ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجگور کی تحصیل پروم سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے پولیس نے فوری طور پر تحویل میں لے کر جائین پروم ہسپتال منتقل کر دیا۔ہسپتال میں کارروائی کے دوران مقتول کی شناخت قدیر ولد قادر بخش، ساکن سلو بلیدہ کے نام سے ہوئی۔ علاقائی ذرائع کے مطابق مقتول کا تعلق پروم (ریش پیش)اور بلیدہ سے بتایا جاتا ہے اور وہ ذہنی طور پر بھی مستحکم نہیں تھا۔ مقتول پروم سے بلیدہ کی طرف روانہ ہوا تھا جہاں اس کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا ہے۔
سوراب، مسجد میں سوئے شخص پر خنجر سے حملہ، پنجگور کے علاقے پروم سے لاش برآمد
