نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، طلبہ ملک و قوم کی خدمت کیلئے خود کو تیار کریں، کمشنر لورالائی

لورالائی (نامہ نگار) ڈویژنل پبلک اسکول لورالائی میں 79ویں یومِ آزادی کی تقریب۔ ڈویژنل پبلک اسکول میں جشن آزادی کی پروقار اور رنگا رنگ تقریب میں کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ مہمان خصوصی تھے۔ طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلو اور تقاریر کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ طلبہ کی شاندار پرفارمنس، تقریب میں موجود شرکاءنے بھرپور داد دی۔ جشنِ آزادی تقریب میں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ماحول گونج اٹھا۔ تقریب سے کمشنر ولی محمد بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہا پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے آباﺅ اجداد نے بے مثال قربانیاں دیں۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اس کی قدر نہ کرنے والی قومیں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں۔ یومِ آزادی اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور قومی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنے کا دن ہے۔ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، اتحاد اور حب الوطنی کو اپنائیں۔ قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرکے پاکستان کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ طلبہ تعلیم اور کردار سازی پر توجہ دے کر ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔ تقریب سے دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بلوچستان سمیت ملک بھر میں تعلیم، صحت، امن اور ترقی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جشن آزادی پر اسکول کو قومی پرچموں اور سبز و سفید رنگوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، تقریب میں ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ، والدین اور معززین کی بھرپور شرکت کی۔ جشنِ آزادی تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کرکے کمشنر نے حوصلہ افزائی کی۔