کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یومِ آزادی پر پوری پاکستانی قوم اور اہل بلوچستان کو دلی مبارکباد۔ یہ آزادی ہمارے بزرگوں اور شہداءکی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آپ کا مستقبل تعلیم، مصنوعی ذہانت اور پاکستان کی ترقی میں ہے۔ گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کریں اور ملک سنوارنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ دہشت گردی کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلنے والوں کا مقدر شکست ہے۔ پاکستان کی دائمی فتح کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے حالیہ دفاعی معاہدے پر صدر پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کی ترقی اور وقار میں اضافہ بلوچستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ علاوہ ازیں جشن آزادی کے حوالے سے پولو گراﺅنڈ میں پروقار تقریب سے وزیراعلیٰ بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہماری تمام فورسز امن کیلئے قربانیاں دے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان تاقیامت ہے اور رہے گا، کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، کچھ لوگ مختلف پروپیگنڈے کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو بہکا رہے ہیں مگر بلوچستان کے نوجوان اب ان کی ہر چال کو سمجھ چکے ہیں۔
نوجوان گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد، ملک سنوارنے میں کردار ادا کریں، وزیراعلیٰ بلوچستان کا یوم آزادی پر پیغام
