مستونگ، کھڈ کوچہ میں 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد، سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری، سیکورٹی فورسز

مستونگ (یو این اے) سیکورٹی فورسز نے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام میں متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔