جھل مگسی میں سیاہ کاری کے الزام پر مرد اور خاتون قتل، ڈیرہ بگٹی میں 6 سالہ مغوی بچی کو بازیاب کرالیا گیا

جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی (یو این اے) ضلع جھل مگسی کے نواحی علاقے کلو شہید کے قریب ایک مرد اور خاتون کو مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں قتل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر مقتولین کی شناخت فتح علی صوبحانی اور زر بانو کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں کو خاتون کے ورثا نے مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈیرہ مراد جمالی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ طور پر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق واقعے کی مکمل وجوہات اور حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔پولیس نے کہا ہے کہ سیاہ کاری کے الزام کی آڑ میں قتل ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی پولیس کی دو مختلف مقدمات میں کارروائیاں، اغوا شدہ بچی بازیاب، چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد۔ ڈیرہ بگٹی پولیس نے دو مختلف مقدمات میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ اغوا شدہ 6 سالہ بچی کو بحفاظت بازیاب اور چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں دو روز قبل اغوا ہونے والی 6 سالہ بچی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ اس مقدمے میں ملوث ملزمان پونہل اور امداد علی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔دوسری کارروائی میں ایک روز قبل چوری ہونے والی ہنڈا CD-70 موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی، جبکہ ملزم عبدالعزیز کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔