لاہور (بلوچستان نیوز) جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرکے سیاسی کردار ادا کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے رابطے کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کو سمجھنا ہوگا کہ امریکی اڈے ان کے نقصان کا باعث بنے ہیں، پاکستان ثالثی کرکے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا رہا ہے، موجودہ حالات عالمی جنگ کا باعث بن سکتے ہیں، صورتحال جاری رہی تو دوسری طاقتیں بھی جنگ کا حصہ بن جائیں گی۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم نے سعودی عرب اور پاکستان کے دفاعی معاہدے کو سراہا ہے، سی پیک عمران خان دور میں بند ہوا جو اب تک بند ہے، پالیسیوں میں مستقل بہتری لانےکی ضرورت ہے، حکمرانوں کا موجودہ عروج عارضی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے لیے مشرف، پی ٹی آئی اور موجودہ حکومت کی پالیسی یکساں ہے، مدارس کی نہ رجسٹریشن ہو رہی ہے اور نہ ہی ان کے اکاﺅنٹس کھولے جا رہے ہیں۔
عمران خان کو رہا کرکے سیاسی کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے، مولانا فضل الرحمن
