ماخذ: این این آئی
اسلام آباد (این این آئی) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹمز میں سے ایک، SEA-ME-WE-5 (SMW5) میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر خرابی کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے باعث بعض انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیویٹی کے مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) خرابی کی اصل وجہ معلوم کرنے اور انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے ایس ایم ڈبلیو فائیو کنسورشیم کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس دوران ممکنہ اثرات کو کم سے کم کرنے اور انٹرنیٹ سروس کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی اے متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی معمول کے مطابق جلد از جلد بحالی کے لیے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔
